Showing posts with label Best Urdu Poetry. Show all posts

کیسا میں ہم سفر تمہارا ہوں.... اتباف ابرک

کیسا میں ہم سفر تمہارا ہوں
ساتھ ہوں منتظر تمہارا ہوں

مجھ سے پوچھا مرا تعارف جو
کہہ دیا مختصر تمہارا ہوں

خود جو ٹوٹا تجھے بنانے میں
میں وہی کوزہ گر تمہارا ہوں

ہو سکے تم نہ میرے پل کے لئے
اور میں عمر بھر تمہارا ہوں

سایہ میرا تو میرے بس میں نہیں 
پر ہے وعدہ شجر تمہارا ہوں

ہم کو منظور ہر قیامت ہے
وہ جو کہہ دے اگر تمہارا ہوں

روک رکھا ہے ایک صحرا نے
ضد کرے میں ہی گھر تمہارا ہوں

تم تو دنیا کے ہوگئے ابرک
اور میں بے خبر تمہارا ہوں


صدیاں لگیں انسان کو جس علم کی خاطر..... اتباف ابرک

صدیاں لگیں انسان کو جس علم کی خاطر

دو وقت کی روٹی نے وہ پھر چھین لیا ہے

اپنی تھی دہائی کہ ہوا گھر میں اندھیرا

ایسی ہوئی شنوائی کہ گھر چھین لیا ہے


صدیوں کی مشقت نے جو سایہ تھا خریدا
اس دور نے ہم سے وہ شجر چھین لیا ہے

کہتے ہیں کہ جینا ہے تو جنگل کو ہی چلئے
انسان سے حیواں نے نگر چھین لیا ہے

تھا حکمِ خدا ظلم میں کر جاوں میں ہجرت
تہذیب کے زنداں نے سفر چھین لیا ہے

ہر شے میں نظر آتی ہے اب ایک سیاہی
اس رات نے رنگوں کا ہنر چھین لیا ہے

ابرک یہ شکایت نہیں بس رب سے ہے فریاد
کاہے مری دعاوں سے اثر چھین لیا ہے


اتباف ابرک


Khawabo sy Kary kasy wo Dill Shad Musalsal || Atbaf Abrak

خوابوں سے کریں کیسے وہ دل شاد مسلسل
تعبیر جنہیں کرتی ہے برباد مسلسل

لاحق ہے مری زیست کو تشویش مسلسل
میں قید مسلسل ہوں یا آزاد مسلسل

یہ بستیاں دل کی ہیں عجب حوصلوں والی
امیدِ مسلسل  سے ہیں آباد مسلسل

ڈھونڈے ہے نظر تیری فقظ ایک اسی کو
نظروں میں رہا جس کی تو بے داد مسلسل

وآپس نہیں آیا جو بھی اک بار گیا ہے
بس چہرے بدلتی ہے یہ روداد مسلسل

بکھرے ہوئے پتے ہیں بہاروں کی علامت
خوش فہمی نئی کرتا ہوں ایجاد مسلسل

اب ڈھائے ستم وقت کہ پھر جان سکوں میں
کچھ موم ہوا ہوں یا ہوں فولاد مسلسل

باتوں میں سبق ان کی بھی ہے نرم دلی کا
سوچوں میں بسے جن کے ہیں جلاد مسلسل

تنکا بھی نہ توڑا ہے کجا دودھ کی نہریں
اور خود کو سمجھ بیٹھے ہیں فرہاد مسلسل

کیوں آج بیاں ان کا ہے دنیا کی زباں پر
رتبہ کی وجہ جن کے ہیں اجداد مسلسل

ناپُرساں یونہی شہر یہ بگڑے گا مسلسل
جب تک کوئی بدلے گا نہ بنیاد مسلسل

پتھر ہیں ترے گرد یہ انسان نہیں ہیں
ابرک نہ کئے جا تو یوں فریاد مسلسل

Saturday, January 21, 2017

Translate

Our Live Stream

Best of the Week

Powered by Blogger.

- Copyright © Best Urdu Poetry Collection -Metrominimalist- Powered by Blogger - Designed by Johanes Djogan -